(ایجنسیز) اقوام متحدہ نے شہریت ترمیمی ایکٹ پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے ترجمان نے سی اے اے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بنیادی طور پر امتیازی نوعیت کا ہے اور ہندوستان کی بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وہ اس بارے میں مزید تحقیق کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ متنازعہ قانون سی اے اے کے نفاذ کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ خاص طور پر آسام بھر میں اس قانون کے خلاف مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیز میں بھی طلبا کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ تاہم اب اقوام متحدہ نے بھی اس قانون کو لیکر تشویش کا اظہار کردیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کو سمجھانے کے نام پر بیان دیا جارہا ہے کہ ’یہ قانون کسی کی شہریت نہیں چھینتا‘۔ لیکن دوسری جانب احتجاجی اسے غیرآئینی قرار دے رہے ہیں اور اس قانون میں مذہب کی بنیاد پر امتیاز کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


