حیدرآباد (دکن فائلز) سابق وزیر اور بی آر ایس رکن اسمبلی دانم ناگیندر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ انہوں نے جمعہ کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پہنچے اور ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارکا، وزیر اتم کمار ریڈی اور دیگر موجود تھے۔ ایسا مانا جارہا ہے کہ وہ بہت جلد باضابطہ طور پر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ ڈی ناگیندر شہر حیدرآباد کے خیریت آباد حلقہ سے رکن اسمبلی ہیں، قبل ازیں انہوں نے 1994، 1999 اور 2004 کے اسمبلی انتخابات میں آصف نگر حلقہ سے ایم ایل اے کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی تھی۔
انہوں نے 2004 کے انتخابات سے قبل ٹی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی اور کانگریس کے اقتدار میں آنے پر ایم ایل اے کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم بعد میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں انہیں شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے 2009 میں خیریت آباد سے الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔ انہیں وائی آر ایس کابینہ میں وزیر بنایا گیا۔ 2018 میں، وہ کانگریس پارٹی چھوڑ کر بی آر ایس میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے بی آر ایس امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا اور جیت حاصل کی تھی۔ اب تازہ طور پر ڈی ناگیندر دوبارہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے!


