دہلی شراب گھوٹالہ معاملہ میں بی آر ایس لیڈر کے کویتا کو ای ڈی نے گرفتار کرلیا

حیدرآباد (دکن فائلز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور انکم ٹیکس عہدیداروں کی مشترکہ ٹیم نے آج دوپہر حیدرآباد کے بنجارہ ہلز میں واقع بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کے گھر پر چھاپہ مارا اور بڑے پیمانہ پر تلاشی لی۔ اس دوران گھر میں موجود تمام افراد کے موبائیل فون حکام نے اپنے قبضہ میں لے لئے تھے اور گھر میں کسی کو آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

دو گھنٹہ سے زیادہ تلاشی کے بعد ای ڈی حکام نے کویتا کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا۔ گرفتاری کی اطلاع کے ساتھ ہی سابق وزرا کے ٹی آر اور ہریش راؤ بھی کویتا کے مکان پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے ای ڈی حکام کے رویہ پر برہمی کا اظہار کیا۔
کویتا کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی بی آر ایس کے کارکن بھی ان کے مکان پہنچ گئے، جس کے بعد علاقہ میں کشیدگی دیکھی گئی۔ بی آر ایس کے کارکن مرکز کی مودی حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ کارکنوں نے کویتا کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ تاہم ای ڈی حکام نے کویتا کو گرفتار کرکے دہلی روانہ ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں