حیدرآباد (دکن فائلز) تملی سائی سوندرا راجن کا استعفیٰ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے قبول کرلیا ہے۔ اس دوران جھارکھنڈ کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو تلنگانہ کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی جبکہ وہ تلنگانہ کے ساتھ ساتھ پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر کا عہدہ بھی سنبھالیں گے۔
اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے گئے۔ تازہ حکمنامہ کے مطابق سی پی رادھا کرشنن تلنگانہ میں نئے گورنر کی تقرری تک ریاست کے گورنر کا اضافی چارج سنبھالیں گے۔
تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے سی پی رادھا کرشنن ریاست میں بی جے پی کے سابق سربراہ ہیں۔ وہ 1998 اور 99 کے عام انتخابات میں بی جے پی کی جانب سے کوئمبٹور حلقہ سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے، لیکن بعد میں وہ تین بار الیکشن لڑے اور ہار گئے۔ انہوں نے تمل ناڈو میں بی جے پی کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا تھا۔ وہ بی جے پی کے کئی اہم عہدوں پر فائز بھی رہے۔ انہیں گزشتہ سال فروری میں جھارکھنڈ کا گورنر بنایا گیا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا تھا کہ آندھراپردیش کے گورنر عبدالنذیر کو تلنگانہ گورنر کا اضافی چارج دیا گیا ہے جبکہ یہ خبر غلط ثابت ہوئی۔ اب تازہ حکمنامہ کے مطابق اتراکھنڈ کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو تلنگانہ گورنر کا اضافہ چارج دیا گیا ہے۔


