حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال جیل سے حکومت حکومت چلارہے ہیں۔ وہ فی الحال ای ڈی حراست میں ہیں لیکن انہوں نے قید میں رہتے ہوئے حکومت چلانے کا اعلان کیا ہے۔ تازہ طور پر انہوں نے پہلا حکمنامہ بھی جاری کردیا۔
عام آدمی پارٹی کی رہنما اور دہلی کی کابینی وزیر آتیشی نے بتایا کہ اروند کیجریوال نے دہلی میں پانی اور سیوریج کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے آبی وسائل کی وزارت کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔ آتیشی نے کہا کہ دہلی حکومت کا کام نہیں رکے گا اور زیرحراست اروند کیجریوال کی جانب سے ضروری ہدایات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انھوں نے کہا کہ بی جے پی رہنماؤں کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ اروند کیجریوال کو گرفتار کرکے جیل میں ڈال سکتے ہیں لیکن عوام سے ان کی محبت اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کو محدود نہیں کرسکتے۔ وہیں جیل سے حکومت چلانے پر بی جے پی نے سخت تنقید کی ہے۔


