حیدرآباد (دکن فائلز) دلت طالب علم دھننجے نے جے این یو ایس یو (جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین) کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ انہیں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والی طلبہ یونینوں کی حمایت حاصل ہے۔ دھننجے 1996 کے بعد سے جے این یو طلباء یونین کے صدر منتخب ہونے والے وہ پہلے دلت طالب علم بن گئے۔ انہوں نے بی جے پی کی اے بی وی پی کے امیدوار امیش اجمیرا کو تقریباً ایک 900 ووٹوں سے شکست دی۔ اجمیرا کو 1,676 ووٹ ملے جبکہ آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AISA) سے مقابلہ کرنے والے دھننجے کو 2,598 ووٹ ملے۔ یہ ایک بڑی کامیابی تھی۔
دھننجے گیا، بہار کے رہائشی ہیں۔ وہ جے این یو میں اسکول آف آرٹس اینڈ ایستھیٹکس میں پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ جے این یو کے طلباء انتخابات کے دوران مباحثہ میں دھننجے کی جانب سے کی گئی تقریر سے متاثر ہوئے تھے۔ انہوں نے کیمپس میں پانی، صحت اور انفراسٹرکچر سے متعلق مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ وہیں دھننجے نے مختلف الزامات کے تحت گرفتار طلبہ لیڈروں کی جلد رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ دھننجے سے قبل بتی لال بیروا نے 1996-97 میں جے این یو طلبہ کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے بائیں بازو کی طلبہ یونین کی حمایت سے الیکشن لڑا تھا اور شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ دلت لیڈر تھے۔


