لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ کا پرامن اختتام، 102 حلقوں میں 60.03 فیصد پولنگ، کچھ مسلم علاقوں میں ووٹنگ تناسب کم ہونے کی اطلاعات

حیدرآباد (دکن فائلز) لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ کے تحت آج ملک بھر میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں 102 پارلیمانی نشستوں پر آج پولنگ ہوئی۔ کچھ معمولی واقعات کو چھوڑ کر پہلے مرحلہ کی ووٹنگ پرامن رہی۔ صبح 7 بجے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا جو شام 6 بجے تک جاری رہی۔

مجموعی طور پر 60.03 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق اترپردیش، بہار، آسام، راجستھان، مغربی بنگال کے کچھ مسلم علاقوں میں کم ووٹنگ درج ہوئی ہے۔ بعض لوگوں کا ماننا ہے کہ جمعہ ہونے کی وجہ سے مسلمانوں کا ووٹنگ تناسب کم رہا ہوگا وہیں تمل ناڈو میں مساجد سے بھی حق رائے دہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی گئی۔ تمل ناڈو میں مسلمانوں کی بڑی تعداد نے ووٹ ڈالا۔

لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت اروناچل پردیش کی 2، آسام کی 5، بہار کی 4، چھتیس گڑھ کی 1، مدھیہ پردیش کی 6، مہاراشٹر کی 5، منی پور کی 2، میگھالیہ کی 2، میزورم کی 1، ناگالینڈ کی 1، راجستھان کی 12، سکم کی 1، تمل ناڈو کی 39، تریپورہ کی 1، اتر پردیش کی 8، اتراکھنڈ کی 5، مغربی بنگال کی 3، انڈمان و نکوبار جزائر کی 1، جموں و کشمیر کی 1، لکشدیپ کی 1 اور پڈوچیری کی 1 سیٹ پر ووٹ ڈالے گئے۔ ان 102 حلقوں میں کل ووٹرز کی تعداد 16.63 کروڑ ہے جبکہ یہ 1605 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں