امت شاہ کے ویڈیو کے ساتھ چھیڑچھاڑ کا تنازعہ: وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سمیت متعدد کانگریس رہنماؤں کو دہلی پولیس کا نوٹس

حیدرآباد (دکن فائلز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ویڈیو کے ساتھ چھیڑچھاڑ کے تنازعہ نے تلنگانہ کی سیاست میں ہلچل پیدا کردی ہے ۔دہلی پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمات درج کرتے ہوئے کانگریس قائدین کو سمن جاری کئے ہیں ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی نے ا س معاملے پر تلنگانہ کے چیف منسٹر کو عدالت میں کھنچنے کا انتباہ دیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے اس کے جواب میں کہا ہے کہ بی جے پی کے خلاف لڑنے والوں کو ہی نوٹسیں جاری کی جاتی ہیں۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے نام پر کچھ نقلی ویڈیو سوشیل میڈیا پر گشت کررہے ہیں ۔ دہلی پولیس نے اس معاملہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کی ہے ۔ ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے معاملے میں تلنگانہ کے مختلف کانگریس قائدین کے علاوہ پارٹی کے سوشیل میڈیا شعبہ کو بھی نوٹسیں جاری کی گئی ہیں ۔ پولیس نے حیدرآباد کے گاندھی بھون پہنچ کر کانگریس پارٹی کی ترجمان اسلم تسلیم ۔ سوشیل میڈیا انچارج ایم ستیش ۔ نوین ۔ شیو کمار کو نوٹسیں پیش کیں ۔ اسی مقدمہ میں چیف منسٹراور پی سی سی صدر ریونت ریڈی کو بھی سمن جاری کئے گئے ہیں ۔ انہیں یکم مئی کو تحقیقات کےلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ دہلی پولیس کا الزام ہے کہ ریونت ریڈی نے امیت شاہ کے ویڈیو کو ایکس پر پوسٹ کیا ۔

بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی نے خبردار کیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کو عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ نامپلی کے پارٹی دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے ویڈیوز کے ساتھ کانگریس پارٹی نے ہی چھیڑ چھاڑ کی ۔ ان ویڈیوز کے تعلق سے ریونت ریڈی نے جو بھی تبصرہ کیا اس کے خلاف پولیس میں شکایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ثبوت کے بغیر کسی چیف منسٹر کی جانب سے الزام عائد کرنا ناقابل معافی جرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کو عدالت سے رجوع کیا جائے گا ۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی دہلی پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے خلاف مقابلہ کرنے والوں کو ہی امیت شاہ نوٹسیں جاری کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے سوال کرنے پر انہیں اور ان کی پارٹی کے دیگر قائدین کو نوٹسیں جاری کی گئیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ابھی تک اپوزیشن کے خلاف ای ڈی اور سی بی آ:ئی کا استعمال کیا ۔ اب دہلی پولیس کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ ان نوٹیسوں سے ڈرنے والے نہیں ہے ۔ کرناٹک میں بی جے پی کو ہرا کر رہیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں