حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے پرانے شہر میں وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا تھا۔ لال دروازہ سدھا ٹاکیز کے قریب امیت شاہ نے ریلی سے خطاب کیا تھا اس موقع پر اسٹیج پر کم عمر بچوں کو بھی دیکھا گیا۔ ریلی کے دوران بچوں کو امیت شاہ کے ساتھ دیکھا گیا۔ اس سلسلہ میں کانگریس پارٹی نے ای میل کے شکایت درج کرائی جس میں کہا گیا کہ ’الیکشن کمیشن نے حال ہی میں سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کی خدمات اور انتخابی مہم یا سرگرمیوں میں ان کو شریک نہ کیا جائے۔ امیت شاہ نے مبینہ طور پر الیکشن کمیشن کے رہنمایانہ اصولوں کی صریح خلاف ورزی کی ہے‘۔
میل میں ثبوت کے طور پر تصویر بھی منسلک کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تصاویر اور ویڈیو کی بنیاد پر اسٹیج پر نظر آرہے تمام افراد کے خلاف شکایت کی گئی جن میں ٹی یمن سنگھ، حیدرآباد پارلیمانی حلقہ سے انتخاب لڑنے والی مادھوی لتا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر کشن ریڈی اور ایم ایل اے راجہ سنگھ اور دیگر شامل ہیں۔
متعلقہ پولیس انسپکٹر پی این درگا پرساد نے بتایا کہ 2 مئی کو ٹی پی سی سی کے سینئر نائب صدر جی نرنجن نے سی ای او تلنگانہ کو ایک میل بھیجا، یہ میل سی سی کے ذریعہ پولیس کمشنر اور مغلپورہ پولیس کو بھی روانہ کیا گیا۔ جس کے بعد شکایت کی بنیاد پر ایک کیس درج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ Cr.No: 77/2024, U/S: 188 IPC کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔


