لوک سبھا انتخابات 2024 کے تیسرے مرحلہ کے تحت 94 حلقوں میں ووٹنگ جاری

حیدرآباد (دکن فائلز) ملک میں عام انتخابات کا سلسلہ جاری ہے تاہم آج لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلہ کے تحت ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے زبردست انتظامات کئے گئے ہیں۔ملک بھر کی بارہ ریاستوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ آج جملہ 93 حلقوں کیلئے عوام اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کر رہے ہیں۔

جملہ سات مرحلوں میں ہونے والے ان انتخابات کے دو مراحل مکمل ہوچکے ہیں اور آج تیسرے مرحلہ کے تحت 10 ریاستوں اور 2 مرکزی زیر انتظام علاقوں ووٹنگ جاری ہے۔ کرناٹک، آسام، بہار،چھتیس گڑھ، دادر نگر حویلی، دمن اور دیو، گوا، گجرات، کرناٹک، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، اترپردیش، مغربی بنگال میں صبح 7 بجے سے پولنگ کا آغاز ہوگیا اور 94 پارلیمانی حلقوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔

گجرات کے 26 پارلیمانی حلقوں کیلئے ایک ہی مرتبہ میں پولنگ ہوگی۔ اس کے علاوہ گوا کے دو ، آسام کے چار، بہار کے پانچ، چھتیس گڑھ کے سات، کرناٹک کے 14، مدھیہ پردیش کے نو ، مہاراشٹرا کے 11، اتراپردیش کے 10، بنگال کے چار، حلقوں کے علاوہ دادر نگر حویلی، دمن اور دیو کے دو حلقوں کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

تیسرے مرحلہ میں جن اہم شخصیتوں کی قسمت کا فیصلہ ہونے والا ہے ان میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر جوتیر آدتیہ سندھیا، مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان، کانگریس کےسابق چیف منسٹر ڈگ وجئے سنگھ، این سی پی لیڈر شرد پوار کی دختر سپریا سولے، مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کی اہلیہ سمترا پوار،سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کی اہلیہ ڈمپل یادو، مرکزی وزیر پرہلاد جوشی و دیگر شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں