کانگریس، بی آر ایس، مجلس، تلنگانہ کو شریعت و قرآن کی بنیاد پر چلانا چاہتی ہیں: امیت شاہ کا بھونگیر میں انتخابی جلسہ سے خطاب (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج تلنگانہ میں انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے بھونگیر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2024 کے انتخابات راہول گاندھی بمقابلہ نریندر مودی ہے اور الیکشن ترقی کے لیے ووٹ یا “جہاد کو ووٹ دو” کے درمیان مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب وزیر اعظم نریندر مودی کی “بھارتیہ گارنٹی” اور کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی “چینی گارنٹی” کے درمیان ہے۔

امیت شاہ نے کانگریس، بی آر ایس اور اے آئی ایم آئی ایم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ تینوں پارٹیاں ایک ہیں، یہ تینوں سی اے اے کی مخالفت بھی کرتی ہیں۔ یہاں رام نومی کا جلوس نکالنے کی اجاازت نہیں دی جاتی۔

وزیر داخلہ نے اپنے الزامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’یہ لوگ یہ لوگ تلنگانہ کو شریعت اور قرآن کی بنیاد پر چلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی جیت ڈبل ڈیجٹ میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مسلمانوں کے 4 فیصد ریزرویشن کو ختم کرکے اسے ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی میں بانٹ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 70 سال تک رام مندر کی تعمیر کو روکا، لیکن مودی نے صرف پانچ سال میں مقدمہ جیت لیا، ‘بھومی پوجا’ کی اور رام مندر کا افتتاح بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں