اروند کیجریوال 50 دن بعد جیل سے رہا، عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کا جشن (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال آج شام تہاڑ جیل سے باہر آگئے۔ سپریم کورٹ سے عبوری ضمانت منظور ہونے کے بعد وہ آج رہا ہوگئے۔ کیجریوال کو 50 روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے جمعہ کو دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو دہلی شراب پالیسی گھوٹالے سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں یکم جون تک عبوری ضمانت دے دی۔

قبل ازیں ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ’کیجریوال انتخابات کے پیش نظر عبوری ضمانت پر رہا ہونے کے بعد اپنے سرکاری فرائض ادا نہ کریں، جبکہ عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے کیجریوال کو کچھ شرائط کا پابند بنایا۔

سپریم کورٹ کے فیصلہ میں کہا گیا کہ اروند کیجریوال کو جیل سپرنٹنڈنٹ کے اطمینان کے لیے 50000 روپے کا ضمانتی بانڈ اور اتنی ہی رقم کی ایک ضمانت دینا ہوگی۔ وہ چیف منسٹر آفس اور دہلی سکریٹریٹ نہیں جائیں گے۔ وہ سرکاری فائلوں پر دستخط نہیں کریں گے اور اگر بہت اہم فائل ہوگی تو اس پر دستخط کرنے کے لیے ایل جی سے اجازت طلب کریں گے۔ وہ موجودہ کیس میں اپنے کردار پر تبصرہ نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی گواہ کے ساتھ بات چیت کریں گے اور نہ ہی اس کیس سے متعلق کسی سرکاری فائل تک رسائی حاصل کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں