بیوی نے شوہر کے قتل کا کامیاب ڈرامہ رچا! لیکن تین ماہ بعد عاشق نے پول کھول دی، حیدرآباد میں انتہائی افسوسناک واقعہ

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے یوسف گوڑہ میں بیوی نے بوائے فرینڈ کے ساتھ ملکر اپنے شوہر کا قتل کردیا۔ قتل کے بعد بیوی نے ڈرامہ کیا کہ شوہر کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی اور جلد بازی میں آخری رسومات ادا کردی گئیں تاکہ کسی کو شبہ نہ ہو۔ تاہم تین ماہ بعد یہ معاملہ منظر عام پر اس وقت آیا جب ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا اور اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلا ریڈی گوڑہ میں رہنے والے سی سی کیمرہ ٹیکنیشن وجے کمار، جو شیکھر اپارٹمنٹس جے پرکاش نگر میں رہتا تھا، اس کے ساتھ اس کی بیوی اور دو بچے بھی رہتے ہیں۔ وجئے کمار کے نام پر میڑچل اور ایلاریڈی گوڑہ میں مکانات ہیں۔ سری لکشمی کا بورابندا سے تعلق رکھنے والے راجیش کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔ سری لکشمی نے شوہر کو راستہ سے ہٹانے اور جائیداد پر قبضہ کرکے راجیش کے ساتھ عیش کرنے کا منصوبہ بنایا۔

سری لکشمی اور عاشق راجیش نے ملکر وجئے کمار کو مارنے کی سپاری ببن نامی غنڈہ کو دی اور گذشتہ یکم فروری کی صبح جب شوہر دونوں بچوں کو اسکول چھوڑنے گھر سے نکلا تو سری لکشمی نے ببن اور دیگر افراد کو گھر کے اندر بلایا۔ جب شوہر گھر آیا تو ببن اور دیگر نے ملکر وجئے کمار کا قتل کردیا۔

بعد میں ایسے ظاہر کیا گیا کہ وجئے کمار کی باتھ روم میں دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ بیوی نے رشتہ داروں کو گھر بلایا اور اسی دن سری نگر کالونی کے شمشان گھاٹ میں وجئے کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔

تین ماہ بعد اچانک راجیش پولیس کے سامنے خودسپردگی کرلیتا ہے اور قتل کے منصوبہ سے پردہ اٹھادیتا ہے۔ پولیس بھی راجیش کی باتیں سن کر حیران رہ گئی۔ راجیش کے مطابق قتل کے بعد سے وہ ذہنی سکون کھو چکا تھا، اس لئے اس نے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔ راجیش کے بیان پر قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے پولیس نے سری لکشمی، راجیش اور ببن کو گرفتار کرلیا۔ تینوں کے خلاف دفعہ 302 اور 201 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ حوس اور جائیداد کے لالچ میں دو بچے یتیم ہوگئے۔ باپ کا قتل ہوگیا اور ماں جیل چلی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں