مودی جی جیل کا کھیل بند کریں: اروند کیجریوال کا بی جے پی پر بڑا حملہ

حیدرآباد (دکن فائلز) عام آدمی پارٹی کے کنوینر و دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پی ایم مودی اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے نریندر مودی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہر روز جیل کا کھیل کھیلنا بند کرو۔ وہ آج عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ بی جے پی دفتر کی جانب مارچ کرنا چاہتے تھے۔ قبل ازیں انہوں نے مودی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں عآپ رہنماؤں کے ساتھ بی جے پی دفتر آرہا ہوں، اگر آپ میں ہمت ہے تو گرفتار کرلیں‘۔

تاہم آج دہلی میں عام آدمی پارٹی کے ہیڈکوارٹر کے باہر کشیدگی دیکھی گئی۔ عآپ لیڈروں کو بی جے پی دفتر جانے سے روک دیا گیا۔ اس دوران متعدد لوگوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اروند کیجریوال اور دیگر رہنماؤں نے عاًپ کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔

عام آدمی پارٹی کے احتجاج کے پیش نظر دہلی پولیس نے ڈی ڈی یو مارگ پر دفعہ 144 نافذ کردیا اور دہلی آئی ٹی او میٹرو اسٹیشن کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔ اس کے علاوہ دہلی میں بی جے پی کے مرکزی دفتر کے سامنے سیکورٹی کے زبردست انتظامات کئے گئے ۔

دہلی سنٹرل کے ڈی سی پی ہرش وردھن منڈاوا نے کہا کہ عآپ کارکنوں کے مارچ کو روک دیا گیا اور انہیں وہاں سے چلے جانے کی ہدایت دی گئی کیونکہ دفعہ 144 نافذ تھا۔ انہوں نے کہا کہ حالات کنٹرول میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں