گلبرگہ کی معروف شخصیت اقبال احمد سردگی کا انتقال پرملال

گلبرگہ (جناب سید سیف اللہ حسینی): کانگریس کے سینئر رہنما اقبال احمد سردگی کا 21 مئی کی رات انتقال ہوگیا۔ وہ 80 برس کے تھے۔ انہوں نے 2004 سے 2014 تک پارلیمانی حلقہ گلبرگہ کی نمائندگی کی۔ 2004 سے قبل قمرالاسلام گلبرگہ سے رکن پارلیمنٹ تھے اور وہ جنتا دل میں تھے۔ تاہم انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی جس کے بعد انہیں ریاستی وزیر بنایا گیا۔ قمرالاسلام کی کانگریس میں شمولیت کے بعد 2004 کے پارلیمانی انتخابات میں گلبرگہ سے کانگریس نے اقبال احمد سردگی کو امیدوار بنایا تھا۔ انہوں نے 2004 اور 2009 کے پارلیمانی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔
بعد میں 2014 سے 2020 تک کرناٹک قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے ے مثال خدمات انجام دیں۔ وہ سابق چیرمین حج و اوقاف بھی تھے۔ اقبال احمد سردگی نے گذشتہ روز ایک پرائیویٹ ہسپتال میں آخری سانس لی۔ وہ کچھ دنوں سے علیل تھے۔

انہوں نے مکہ مکرمہ میں عزیزیہ کے مقام پر ہندوستانی حجاج کے لئے منظم رہائش اور بس سروس نظام کا انتظام کرکے اس کی بنیاد ڈالی تھی۔ اس سے قبل ہندوستانی حجاج کو مختلف جگہوں پر عمارتیں ملتی تھیں جہاں سے بس کی کوئی سہولت دستیاب نہیں ہوتی تھی۔ مرحوم نے عزیزیہ کا مکمل علاقہ ہندوستانی حجاج کے لئے 5 سال کے ایگریمنٹ پر لیا پھر اس میں توسیع ہوتی گئی۔ وہاں سے صرف ہندوستانی حجاج کے لئے حرم شریف تک مفت بس سہولت 24 گھنٹے رہا کرتی تھی جو آج تک جاری ہے۔ یہ مرحوم کا کارنامہ تھا۔ دو میعاد کے لئے گلبرگہ سے کانگریس کے یم پی رہے پھر گلبرگہ کو یس سی ریزرو کر کے ملیکارجن کھرگے کو یم پی بنایا گیا اور اس مرتبہ تیسری میعاد کے لئے یہ سیٹ ریزرو ہی ہے۔

اقبال احمد سردگی نے بی اے اور ایل ایل بی کیا۔ انہوں نے عوام کی خدمت کےلئے خود کو وقف کردیا تھا۔ انہیں مختلف سرکاری کمیٹیوں میں بھی شامل کیا گیا جہاں انہوں نے بے مثال خدمات انجام دی تھیں۔ وہ 5 جون 1944 کو گلبرگہ میں پیدا ہوئے تھے۔ والد کا نام محمد احمد سردگی اور والدہ کا نام گوہر بیگم تھا۔ انہوں نے گورنمنٹ آرٹس اینڈ سائنس کالج سے بیچلر آف آرٹس اور عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد سے قانون کی ڈگری (ایل ایل بی) حاصل کی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ فرزند اور دختر شامل ہیں۔

نماز جنازہ چہارشنبہ کو بعد نماز عصر نیشنل کالج کے قریب واقع مسجد ہفت گنبد میں ادا کی جائیں گی۔

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھرگے، وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے سینئر کانگریس رہنما کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں