حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں انجینئرنگ، زراعت اور فارما کورسیس میں داخلوں کے لیے منعقد کیے گئے ایپسیٹ کے نتائج حال ہی میں جاری کیے گئے ہیں۔ تاہم اب انجینئرنگ کاؤنسلنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ انجینئرنگ کے داخلوں کا عمل 27 جون سے شروع ہوگا۔ طلبا کو 30 جون سے ویب آپشنز کی سہولت رہے گی تاہم انجینئرنگ کے پہلے مرحلہ کے تحت نشستیں 12 جولائی کو الاٹ کی جائیں گی۔ اس بار انجینئرنگ کے داخلوں کا عمل تین مرحلوں میں کیا جائے گا۔ انجینئرنگ کاؤنسلنگ کا دوسرا دور 19 جولائی سے منعقد ہوا۔ سیٹ الاٹمنٹ کا دوسرا مرحلہ 24 جولائی کو ہوگا۔ اس کے علاوہ کونسلنگ کا آخری دور 30 جولائی کو ہوگا اور سیٹ الاٹمنٹ کا آخری دور 5 اگست کو ہوگا۔
دریں اثنا، عہدیداروں نے کنوینر کوٹہ کے ذریعہ اندرونی سلائیڈنگ آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اندرونی سلائیڈنگ کا عمل 12 اگست سے شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 16 اگست کو اندرونی سلائیڈنگ کے ذریعہ سیٹوں کا الاٹمنٹ ہوگا۔ حکام نے اعلان کیا ہے کہ اسپاٹ ایڈمیشنز کے لیے رہنما خطوط 17 اگست کو جاری کیے جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق اس سال ایپسیٹ انجینئرنگ امتحان میں 2,54,814 طلباء نے شرکت کی تھی اور 74.98 فیصد طلبا کو کامیاب قرار دیا گیا۔


