حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے ریاست میں گٹکا اور پان مسالہ پر پابندی عائد کردی ہے۔ فوڈ سیفٹی عہدیداروں نے حال ہی میں ہوٹلس پر چھاپے مارکر صحت عامہ سے متعلق اقدامات کئے تھے تاہم اب تازہ طور پر ایک سنسنی خیز فیصلہ میں محکمہ نے گٹکا اور پان مسالہ پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
https://x.com/cfs_telangana/status/1794618731655827541
حکومت نے نکوٹین اور تمباکو سے بننے والے گٹکا اور پان مسالہ کی تیاری اور فروخت پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ پابندی 24 مئی سے ایک سال کے لیے نافذ العمل ہو گی۔ تمباکو اور نکوٹین سے بنایا گیا گٹکا اور پان مسالہ صحت کے لیے بہت خطرناک ہے۔ ان کا استعمال کینسر جیسی مہلک بیماری کا باعث بن سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق منہ کے کینسر اور فائبروسس جیسی مہلک بیماریوں کی بڑی وجہ نکوٹین والے تمباکو، گٹکا اور پان مسالہ کا استعمال ہے۔ فوڈ سیفٹی حکام کے فیصلے پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور تلنگانہ حکومت کی ستائش کی۔


