اعظم خان کی اہلیہ تزئین فاطمہ جیل سے رہا

حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش کے قدآور لیڈر اعظم خان کی اہلیہ ڈاکٹر تزئین فاطمہ سات ماہ بعد آج ضمانت پر جیل سے رہا ہو گئیں۔ جیل سے رہائی کے وقت جذباتی مناظر دیکھے گئے اور بڑی تعداد میں افراد خاندان اور حامی بھی جیل کے باہر پہنچ گئے اور ڈاکٹر تزئین فاطمہ کا والہانہ استقبال کیا۔

تزئین فاطمہ کو اپنے بیٹے عبداللہ اعظم کے دو پیدائشی سرٹیفکیٹس کے معاملے میں ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد آج جیل سے رہائی عمل میں آئی۔ جیل سے رہائی کے وقت جیل کے باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے اور ہر کوئی خوش نظر آرہا تھا۔

تزئین فاطمہ سات ماہ بعد جیل سے رہا ہوئیں جبکہ انہیں بیٹے عبداللہ کے دو پیدائشی سرٹیفکیٹس معاملہ میں سزا سنائی گئی۔ 18 اکتوبر 2023 کو ایس پی لیڈر اعظم خان کو ان کے بیٹے عبداللہ کے دو پیدائشی سرٹیفکیٹس کے معاملے میں ایم پی-ایم ایل اے مجسٹریٹ کورٹ نے سات سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ اس کیس میں ڈاکٹر تزئین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کو بھی سات سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

اعظم خان اس وقت سیتا پور جیل اور عبداللہ اعظم ہردوئی جیل میں قید ہیں، جبکہ ڈاکٹر تزئین فاطمہ میں رامپور کی جیل میں رکھا گیا تھا۔ 24 مئی کو تینوں کو ہائیکورٹ سے راحت ملی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں