ووٹنگ کے دوران دھاندلی کو روکنے کےلئے انڈیا اتحاد رہنماؤں نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) لوک سبھا انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو کی جائے گی اور اسی روز نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ اس دوران بی جے پی کی جانب سے کسی دھاندلی کو روکنے کےلئے آج انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی۔ وفد میں سلمان خورشید، ابھیشیک منو سنگھوی، ٹی آر بالو، سیتارام یچوری، رام گوپال یادو، سنجے یادو، ناصر حسین اور ڈی راجہ شامل تھے۔ انڈیا اتحاد رہنماؤں نے الیکشن کمیشن سے ووٹوں کی گنتی کا عمل اصول و ضوابط کے مطابق اور شفاف طریقہ سے کرانے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے گنتی کے عمل کو قانون کے مطابق کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ابھیشک منوسنگھوی نے کہا کہ ’انڈیا اتحاد کے رہنماؤں ن تیسری مرتبہ الیکشن کمیشن سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارہا ایسا ہوا ہے کہ پوسٹل بیلٹ سے الیکشن کا نتیجہ تبدیل ہو جاتا ہے، الیکشن کمیشن کا یہ ضابطہ ہے کہ پوسٹل بیلٹ کو پہلے شمار کیا جائے گا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پہلے پوسٹل بیلٹ کی گنتی ہو پھر ای وی ایم کی گنتی کی جائے۔ اسی طرح پوسٹل بیلٹ کے نتیجے کا پہلے اعلان کیا جانا چاہئے اور پھر ای وی ایم کے نتیجے کا اعلان ہونا چاہئے۔

https://twitter.com/i/broadcasts/1BdxYrYykLEKX

سیتارام یچوری نے کہا کہ ہم نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ووٹوں کی گنتی کو سی سی ٹی وی کے ذریعے مانیٹر کیا جائے اور کنٹرول یونٹ سے تصدیق کی جائے نیز مشین سے آنے والے ڈیٹا کی تصدیق کی جائے۔ سلمان خورشید نے کہا کہ ہم نے گنتی کے عمل کے دوران بہت سخت نگرانی کی درخواست کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ اصول و ضوابط پر ایمانداری سے عمل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں