حیدرآباد پولیس نے ایف آئی آر سے امیت شاہ اور کشن ریڈی کا نام خارج کردیا

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد پولیس نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور تلنگانہ بی جے پی کے سربراہ جی کشن ریڈی کا نام انتخابی مہم کے دوران درج کی گئی ایک ایف آئی آر سے خارج کر دیا۔ گزشتہ ماہ حیدرآباد کے پرانے شہر میں بی جے پی کی انتخابی مہم کے دوران مبینہ طور پر نابالغ بچوں کو شامل (استعمال) کرنے سے متعلق کانگریس نے شکایت کی تھی جس کے بعد پولیس نے امت شاہ، کشن ریڈی، مادھوی لتا سمیت دیگر بی جے پی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔

تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کو دی گئی شکایت میں تلنگانہ کانگریس پردیش کمیٹی کے نائب صدر جی نرنجن نے الزام لگایا تھا کہ یکم مئی کو لال دروازہ سے سدھا ٹاکیز تک بی جے پی ریلی کے دوران، چند نابالغ بچے شاہ کے ساتھ ڈائس پر تھے۔

سی ای او نے شواہد سے منسلک شکایت سٹی پولیس کو روانہ کی تھی، جس کے بعد شاہ، ریڈی، حیدرآباد لوک سبھا سیٹ کے لیے بی جے پی امیدوار کے مادھوی لتھا، قانون ساز ٹی راجہ سنگھ کے علاوہ دیگر بی جے پی لیڈروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ پتہ چلا کہ امیت شاہ اور کشن ریڈی کا اس واقعہ میں کوئی کردار نہیں تھا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتہ ایک مقامی عدالت میں چارج شیٹ دائر کی گئی تھی۔ تازہ طور پر کیس سے امت شاہ اور کشن ریڈی کا نام خارج کر دیا گیا اور نئی چارج شیٹ داخل کی گئی۔ وہیں پولیس نے شکایت کنندہ کو بھی ایک نوٹس روانہ کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں