حیدرآباد (دکن فائلز) تلگو دنیا کی عظیم شخصیت راموجی راؤ کا آج 87 برس کی عمر میں دیہانت ہوگیا۔ وہ دنیا کے سب سے بڑے تھیم پارک اور فلم اسٹوڈیو ’راموجی فلم سٹی‘ اور جنوبی ہند کے مشہور تلگو روزنامہ ایناڈو کے علاوہ ای ٹی وی نیٹ روک گروپ کے بانی و چیرمین تھے۔ ان کے بزنس امپائر میں مارگادرشی چٹ فنڈ، پریا فوڈس، کلانجلی اسٹورس، اوشاکرن موویز، میوری فلم ڈسٹریبیوٹرس، ڈالفن گروپ آف ہوٹلز کے علاوہ رامادیوی پبلک اسکول شامل ہے۔
کچھ روز قبل راموجی راؤ کو ہائی بلڈ پریشر اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد حیدرآباد کے اسٹار ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا تھا، جہاں ان کا علاج کے دوران آج دیہانت ہوگیا۔
راموجی کے دیہانت کی اطلاع کے ساتھ ہی تلگو دنیا کی معروف شخصیتوں کے علاوہ ملک و ریاست کی سیاسی و فلمی شخصیتوں نے انہیں خراج پیش کیا۔ انہوں نے محنت و لگن سے اپنا ایک امپائر کھڑا کیا۔ انہوں نے زندگی میں معمولی سی شروعات سے بے پناہ کامیابی حاصل کی تھی اور آخری وقت تک جدوجہد کرتے رہے۔ راموجی راؤ 16 نومبر 1936 کو آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع کے ایک چھوٹے گاؤں میں ایک کسان گھرانے میں پیدا ہوئے۔


