حیدرآباد (دکن فائلز) تلگودیشم پارٹی کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے آندھراپردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لے لیا۔ گورنر عبدالنذیر نے چندرا بابو کو حلف دلایا۔ حلف برداری تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزرا، دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ سیاسی و فلمی شخصیتوں نے شرکت کی۔
چندرا بابو کے ساتھ پون کلیان اور دیگر 23 ارکان نے وزیر کے طور پر حلف لیا۔ حلف لینے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے چندرا بابو کو مبارکباد دی۔
چندرا بابو نائیڈو نے چوتھی مرتبہ وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ وہ دو مرتبہ متحدہ آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ رہے اور ریاست کی تقسیم کے بعد دو مرتبہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر منتخب ہوئے۔ چندرابابو پہلی بار 1978 میں چندراگیری سے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ 1980 سے 1983 تک وہ وزیر رہے۔ 1995 میں چندرا بابو نے پہلی بار اے پی کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ 1999 میں انہوں نے دوسری بار وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا۔
2004 سے 2014 تک وہ متحدہ اے پی میں اپوزیشن لیڈر رہے۔ 2014 میں ریاست کی تقسیم کے بعد چندرا بابو نے آندھرا ے پہلے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا اور وہ 2019 سے 2024 تک آندھراپردیش میں اپوزیشن لیڈر رہے۔ تاہم آج دوسری بار انہوں نے وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیا۔
چندرابابو نائیڈو کی کابینہ میں 10 وزیر پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں۔ پون کلیان کے علاوہ منڈی پلی رام پرساد ریڈی، وسام شیٹی سبھاش، ٹی جی بھرت، ایس سویتا، کنڈلا درگیش، ستیہ کمار یادو، کونڈاپلی سری نواس، گمادی سندھیرانی اور دیگر نے پہلی بار ایم ایل اے کے طور پر کامیابی حاصل کی۔
کابینہ میں کل 17 وزرا شامل ہیں جن میں سے جنا سینا کے تین اور بی جے پی کا ایک رکن شامل ہے۔
حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، سابق نائب صدر وینکیا نائیڈو، سابق چیف جسٹس این وی رمنا، مشہور اداکار چرنجیوی، رجنی کانت، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، ایل جے پی چیف ، مرکزی وزیر چراغ پاسوان، سابق گورنر تمیلی ثائی سوندرا راجن اور دیگر موجود تھے۔


