حیدرآباد (دکن فائلز) سپریم کورٹ نے جمعرات کو فلم “ہمارے بارہ” کی ریلیز پر روک لگادی۔ عدالت نے کہا کہ فلم کا ٹیزر کا مشاہدہ کیا گیا جو انتہائی جارحانہ لگتا ہے۔ عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ “ہم نے صبح فلم کا ٹریلر دیکھا ہے اور ٹریلر میں جارحانہ ڈائیلاگ ہیں۔”
ٹریلر میں قابل اعتراض مواد کا جائزہ لینے کے بعد عدالت عظمیٰ نے متنازعہ فلم سے متعلق الزامات کا نوٹس لیا جس میں کہا گیا کہ فلم میں اسلامی عقیدے اور خاص طور پر مسلم خواتین کی توہین کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ نے اس متنازعہ فلم کی ریلیز پر روک لگادی جو 14 جون کو ملک بھر میں ریلیز ہونے والی تھی۔ جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا پر مشتمل تعطیلاتی بنچ نے درخواست گزار اظہر باشاہ تمبولی کی جانب سے دائر کی گئی عرضی کا نوٹس لیتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا ہے۔
بنچ نے ممبئی ہائیکورٹ کی جانب سے اس فلم سے متعلق عرضی کو نمٹانے تک متنازعہ فلم کی نمائش پر روک لگا دی۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر ملک بھر کے مسلمانوں نے خوشی کا اظہار کیا۔


