حیدرآباد (دکن فائلز) مودی حکومت نے تازہ حکمنامہ جاری کرکے ’اجیت ڈوبھال کو تیسری مرتبہ قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر مقرر کیا ہے۔ کابینہ کی تقرری کمیٹی نے 10 جون کو ہی ڈوبھال کی تقرری کو منظوری دے دی تھپی۔ ڈوبھال کی تقرری کی مدت وزیر اعظم کی میعاد کے ساتھ یا اگلے احکامات تک ہوگی۔
اسی طرح مرکزی حکومت نے پی کے مشرا کو وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری کے طور پر دوبارہ مقرر کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈوبھال اور مشرا دونوں کو ان کی مدت ملازمت کے دوران کابینہ وزیر کا درجہ بھی دیا جائے گا۔
اجیت ڈوبھال آئی پی ایس افسر رہ چکے ہیں اور انٹیلی جنس افسر کے طور پر ان کے کام کو بہت سراہا جاتا ہے۔ وہ 2014 میں پی ایم مودی کی حکومت میں قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر مقرر ہوئے۔ انہوں نے کئی مواقعوں پر اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈوبھال نے عرب ممالک کے ساتھ ہندوستان کے بہتر تعلقات میں اہم رول ادا کیا ہے۔


