عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہندوستانی مسلمانوں کے نام مولانا ارشد مدنی کا پیغام

حیدرآباد (دکن فائلز) ملک بھر میں 17 جون کو عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔ مسلمان اس موقع پر بڑے پیمانہ پر جانوروں کی قربانی دیتے ہیں۔ بقرعید کے موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے ہندوستانی مسلمانوں کے نام ایک پیام جاری کیا ہے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہندوستانی مسلمانوں کے نام ایک پیغام میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا ہے کہ اسلام میں قربانی کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ یہ ایک دینی فریضہ ہے جس کی پابندی ہر مالی طور پر استطاعت رکھنے والے مسلمان پر لازم ہے۔ اس لیے یہ فرض ہر حال میں ادا کرنا ہے۔
مولانا ارشد مدنی نے موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے جانوروں کی قربانی دینے کی مسلمانوں کو تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ضروری ہے کہ مسلمان خود احتیاط سے کام لیں۔ جانوروں کی قربانی کو مشتہر نہ کریں، خصوصاً سوشل میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی تصویریں وغیرہ شیئر نہ کریں۔‘‘ انہوں نے مشورہ دیا کہ مسلمان قربانی کرتے وقت سرکاری احکامات پر عمل کریں اور ممنوعہ مویشی کی قربانی دینے سے بچیں۔ چونکہ اسلام میں سیاہ جانور کی قربانی بھی جائز ہے، اس لیے کسی بھی ہنگامہ سے بچنے کے لیے متبادل جانور کی قربانی دینا بہتر ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر شرپسند عناصر کالے جانور کی قربانی سے بھی روکتے ہیں تو باشعور اور بااثر لوگ مقامی انتظامیہ کو اعتماد میں لے کر قربانی کروائیں۔ اگر پھر بھی راستہ نہ ملے تو قربانی قریبی آبادی میں کی جائے جہاں کوئی مسئلہ نہ ہو۔ اگر کسی روایتی جگہ پر کوئی مسئلہ ہو تو وہاں کم از کم بکرے کی قربانی کی جائے اور اس کا اندراج بھی انتظامی دفتر میں کرایا جائے تاکہ آئندہ کوئی پریشانی نہ ہو۔
مولانا ارشد مدنی نے مسلمانوں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صاف صفائی کا خاص دھیان رکھیں اور قربانی کے جانوروں کے باقیات و فضلات کو سڑکوں، گلیوں یا نالوں میں ڈالیں، بلکہ اس طرح دفن کر دیں کہ بدبو نہ پھیلے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اگر فرقہ پرست عناصر کی طرف سے کسی طرح کا ہنگامہ کیا جائے تو صبر سے کام لیتے ہوئے معاملے کی شکایت مقامی تھانہ میں ضرور درج کرائی جانی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں