حیدرآباد (دکن فائلز) ملک کے اعلیٰ تعلیمی ادارے این سی ای آر ٹی کے سربراہ نے کتابوں میں تازہ تبدیلیوں پر اٹھے تنازعہ پر کہا کہ نفرت اور تشدد سے متعلق مضامین نہیں ہونے چاہئے، اسکول کی نصابی کتابوں میں اس طرح کے مضامین پر توجہ نہیں دینی چاہیے۔
واضح رہے کہ این سی ای آر ٹی کے نصابی کتابوں میں تبدیلی کرکے بابری مسجد انہدام اور بی جے پی لیڈر لال کرشن اڈوانی کی رتھ یاترا کے حوالہ جات کو ہٹادیا گیا۔ بابری مسجد کی شہادت اور لال کرشن اڈوانی کی رتھ یاترا کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں فسادات پھوٹ پڑے تھے جس میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
NCERT کی جانب سے تیار کردہ نصاب کو سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (CBSE) سے منسلک تقریباً 30,000 اسکول میں پڑھایا جاتا ہے۔
این سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر دنیش پرساد سکلانی نے اسکول کے نصاب کو زعفرانی بنانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نصابی کتب میں تبدیلیاں سالانہ نظر ثانی کا حصہ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں جس میں یہ پوچھا گیا تھا کہ بابری مسجد کے انہدام یا اس کے نتیجے میں فرقہ وارانہ تشدد کے حوالے کیوں ہٹائے گئے، سکلانی نے جواب دیاکہ “ہم اسکول کی نصابی کتابوں میں فسادات کے بارے میں کیوں پڑھائیں؟ ہم مثبت شہری بنانا چاہتے ہیں، متشدد اور افسردہ افراد نہیں”۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کلاس 12 کے لیے پولیٹیکل سائنس کی نئی نصابی کتاب میں بابری مسجد کی شہادت جسے کارسیوکوں نے شہید کردیا تھا سے متعلق سبق کو ہٹاکر سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو شامل کیا گیا ہے جس میں رام مندر کے حق میں فیصلہ سنایا گیا تھا۔


