خادم حرمین شریفین کے مشیر، گورنر مکہ و مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ اعلی شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ امسال 1443 ہجری کا حج سیزن انتہائی کامیاب رہا۔ کورونا کی وبا کے دو برس بعد امسال 10 لاکھ کے قریب ضیوف الرحمان نے مکمل اطمینان وسکون سے حج ادا کیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ خالد الفیصل نے کامیاب حج آپریشن کے حوالے سے مزید کہا ’مجھے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ امسال حج آپریشن سیکیورٹی خدمات اور صحت سمیت تمام محاذوں پر کامیاب رہا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حج سیزن کے دوران کسی حادثے یا وبائی مرض کے حوالے سے کوئی کیس سامنے نہیں آیا، حج آپریشن انتہائی منظم انداز میں مکمل ہوا۔‘
شہزادہ خالد الفیصل نے اپنے پیغام میں حج آپریشن میں شریک سیکیورٹی اہلکاروں، طبی یونٹس اوردیگر حدمات فراہم کرنے والے اداروں کا خصوصی طورپرشکریہ ادا کیا جن کے مثالی جذبہ خدمت اور لگن سے حج سیزن کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
گورنرمکہ مکرمہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’حج آپریشن کے حوالے سے جن کامیابیوں کا ہم مشاہدہ کرتے ہیں وہ اتفاقا نہیں ہوتی بلکہ رب تعالی کی مہربانی وکرم کا ثمر ہے‘۔
بانی مملکت شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمان سے لیکرمملکت کی تمام قیادت اور خادم حرمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ہمیشہ سے ہی ضیوف الرحمان کی خدمت کو اپنے لیے باعث اعزاز سمجھتے ہیں۔
شہزادہ خالد الفیصل نے حج آپریشن کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے مملکت کی اعلی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ ان کی خصوصی عنایت سے تمام امورکی انجام دہی میں آسانی ہوئی ۔ گورنرمکہ نے آخر میں حجاج کی خدمت میں پیش پیش رہنے والے تمام اداروں اورافراد کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔