ملک میں بارش کی تباہ کاریاں، متعدد ہلاکتیں: آسام، اترپردیش، مہاراشٹرا، بہار، مغربی بنگال، راجستھان، گوا میں عام زندگی درہم برہم

حیدرآباد (دکن فائلز) شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں زبردست بارش ہورہی ہے۔ جس کی وجہ سے عام زندگی درہم برہم ہے۔ مغربی بنگال کے کئی اضلاع میں مسلسل بارش ہورہی ہے۔ ہمالیائی علاقوں دارجلنگ، کالی پونگ، جلپائی گوڑی کے بشمول کئی علاقوں میں شدید بارش ہورہی ہے۔ راجستھان میں بھی گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے بارش ہورہی ہے۔ سب سے زیادہ بارش چورو ضلع تارا نگر میں 141ملی میٹر درج کی گئی۔

شدید بارش کی وجہ سے شمال مشرقی ریاست آسام کئی دنوں سے سیلاب کے پانی سے گھری ہوئی ہے۔ کئی دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ تین ہزار سے زیادہ دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ بارش کی وجہ سے آسام میں اب تک 58 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست بھر میں 23 لاکھ افراد بارش سے متاثر ہوئے ہیں۔ لاکھوں ایکر پر کھڑی فصلیں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایاکہ کئی ندیاں خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق قاضی رنگا نیشنل پارک میں 114 جانوروں کی موت ہوگئی ہے۔

شدید بارش کی وجہ سے بہار کی ندیاں بھی خطرہ کے نشان تک پہنچ گئی ہیں۔ کوسی ، مہا ندی، گندگ، کملا، بالن ندیوں کے بہنے کے علاقہ میں عہدیداروں نے کئی علاقوں کا تخلیہ کرادیا ہے۔ بھاگ متی ندی میں پانی کے بہاؤ کی وجہ سے مظفر نگراور دیگر مقامات میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ اترپردیش میں بارش کی وجہ سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 13 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ گندگ ندی میں پانی خطرہ کے نشان سے اوپر بہنے کی وجہ سے گوپال گنج میں صورتحال ابتر ہے۔

وہیں مہاراشٹرا کے ممبئی میں شدید بارش ہورہی ہے۔ مانسون ریاست میں وسعت اختیارکرگیا ہے جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بارش ہورہی ہے۔ مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی کے علاوہ تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ میں بھی شدید ترین بارش ہورہی ہے۔ ممبئی کی سڑکیں جھیلوں کا منظر پیش کررہی ہے۔ عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔ ممبئی کے لوگوں کےلئے لائف لائن سمجھی جانے والی لوکل ٹرینیں کئی مقامات پر منسوخ کردی گئی ہیں۔ چند مقامات پر پٹریاں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔

ممبئی کے مختلف علاقوں میں 6 گھنٹوں تک مسلسل بارش ہوئی بی ایم سی نے بتایاکہ شہر میں 30 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے چھترپتی شیواجی ٹرمنس ، کورلا ویکرولی ، بندھوپ ریلوے اسٹیشنوں پر ٹرینوں کی آمد ورفت میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔ اسی طرح ممبئی ڈیویژن مختلف اسٹیشنوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

تھانے ، وسائی، کولاپور، سانگلی، ستارا، گھاٹ کوپر، کرلا، سندھو درگ میں بھی سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے حکومت نے بچاؤ اور راحت کاموں کیلئے این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو متعین کیا ہے۔ ممبئی کی اندھیری میں تین ٹیموں کے علاوہ ناگپور میں بھی زائد ٹیموں کو تیاررکھا گیا ہے۔ شدید بارش کو دیکھتے ہوئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں اور کالجوں کو تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

گوا کے پالی واٹر فال کا دورہ کرنے والے سیاح سیلابی پانی میں پھنس گئے ہیں۔ شدید بارش کی وجہ سے ندی میں اچانک پانی آگیا جس کی وجہ سے 80 سیاح پھنس گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں