سات ریاستوں کی 13 اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں انڈیا اتحاد کا شاندار مظاہرہ، بدری ناتھ میں بھی بی جے پی کو شکست فاش

حیدرآباد (دکن فائلز) اپوزیشن انڈیا بلاک نے لوک سبھا 2024 انتخابات میں کئے اپنے شاندار مظاہرہ کو برقرار رکھا ہے۔ تازہ طور پر سات ریاستوں کے 13 اسمبلی حلقوں پر ہوئے ضمنی انتخابات میں انڈیا اتحاد نے 10 سیٹیں جیت کر این ڈی اے میں کھلبلی مچادی ہے، جبکہ بی جے پی صرف دو نشتوں پر کامیاب ہوسکی۔
ضمنی انتخابات کے نتائج کی خاص بات یہ رہی کہ ایودھیا کے بعد اب تازہ ضمنی انتخابات میں اتراکھنڈ کے بدری ناتھ میں بھی بی جے پی کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وہیں پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے مہندر بھگت نے جالندھر ویسٹ حلقے میں 23,000 ووٹوں سے زیادہ فرق کے ساتھ جیت حاصل کی۔ دریں اثنا، مغربی بنگال میں، ٹی ایم سی نے مقابلہ کرنے والی چاروں سیٹوں پر قبضہ کرکے اپنا غلبہ ظاہر کردیا۔
ہماچل پردیش میں وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو کی اہلیہ کملیش ٹھاکر نے دیہرا حلقہ سے جیت حاصل کی۔ کانگریس نے نالہ گڑھ سیٹ پر دعویٰ کرتے ہوئے اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کیا، جبکہ بی جے پی ہمیر پور میں جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ وزیر اعلی سکھو نے جیت کے بعد کہا کہ ہماچل پردیش کے لوگوں نے “حکومت گرانے کی سازشیں” کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
تمل ناڈو میں، ڈی ایم کے، کے اینیور سیوا نے تقریباً 60,000 ووٹوں کے نمایاں فرق سے وکراونڈی اسمبلی سیٹ پر کامیابی حاصل کی۔
دوسری جانب ایک آزاد امیدوار شنکر سنگھ نے بہار کے پورنیا میں روپولی اسمبلی ضمنی انتخابات میں جیت حاصل کی، جے ڈی یو کے کالادھر پرساد منڈل کو 8,246 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں