حیدرآباد (دکن فائلز) آسام کی بی جے پی حکومت نے ایک اور متنازعہ فیصلہ کرتے ہوئے آدھار کے لیے نئے درخواست دہندگان کو این آر سی نمبر جمع کرانے کو لازمی قرار دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے کہا کہ اے آر این جمع کرانے کا اطلاق ان 9.55 لاکھ لوگوں پر نہیں ہوگا جن کے بائیو میٹرکس این آر سی کے عمل کے دوران بند ہوگئے تھے، ان لوگوں کو کارڈ مل جائیں گے۔
آسام میں اب آدھار کارڈ کے لیے تمام نئے درخواست دہندگان کو اپنا این آر سی درخواست رسید نمبر (اے آر این) جمع کرانے کی ضرورت ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک تفصیلی معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOP) تیار کیا جائے گا اور اسے یکم اکتوبر سے نافذ کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی) کی درخواست کی رسید نمبر جمع کرنے سے ’غیر قانونی طور پر غیر ملکیوں کی ریاست میں آمد کو روکا جاسکے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے آدھار کارڈ جاری کرنے میں سختی لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں آدھار کارڈ کے لیے درخواستیں آبادی سے زیادہ وصول کی گئیں۔
ان کے مطابق، مرکز نے ریاستی حکومتوں کو یہ فیصلہ کرنے کا حق دیا ہے کہ آیا کسی فرد کو آدھار کارڈ جاری کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔