حیدرآباد (دکن فائلز) متنازعہ وقف ترمیمی بل کے تعلق سے تشکیل دی گئی جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی نے ای میل اور تحریری خطوط کے ذریعہ ملک کے عوام سے تجاویز طلب کی تھیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق 18 ستمبر 2024 تک کمیٹی کو وقف بورڈ ترمیمی بل 2024 پر 91,78,419 ای میل موصول ہوئے جبکہ کمیٹی کو تحریری خطوط کے ذریعہ تقریباً 30 لاکھ تجاویز موصول ہوچکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ای میل اور تحریری خطوط کے ذریعہ مجموعی طور پر کمیٹی کو وقف ترمیمی بل پر ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں تجاویز وصول ہونے کے بعد کمیٹی کے چیئرمین جگدمبیکا پال نے لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کی اور ان تجاویز کے مطالعہ اور رپورٹ کی تیاری کے لیے مزید افسران فراہم کرنے کی درخواست کی، جس کے بعد 15 افسران اور ملازمین کو جے پی سی کی رپورٹ میں مدد کے لیے شامل کیا گیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق ملک کی تاریخ میں پہلی بار اب تک کسی معاملہ میں جے پی سی کو اتنی بڑی تعداد میں تجاویز وصول ہوئی ہیں۔


