حسن نصراللہ کی شہادت کے خلاف پرامن مظاہرہ کرنے والے 8 مظاہرین کو اترپردیش پولیس نے جیل بھیج دیا

حیدرآباد (دکن فائلز) بیروت پر اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے رہنما شیخ حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے خلاف دنیا بھر میں مسلمانوں کی جانب سے غم و غصہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ وہیں اترپردیش پولیس نے حسن نصر اللہ کی شہادت کے خلاف پرامن مظاہرہ کرنے والے 8 مظاہرین کو گرفتار کرکے انہیں جیل بھیج دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے 8 مظاہرین پر نعرے لگانے اور بغیر اجازت جلوس نکالنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ پولیس انسپکٹر راجول سنگھ نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں چہارشنبہ کی رات جیس تھانے کے علاقے میں کی گئیں۔ یہ کاروائی نوگجی چوراہے کے قریب جمع کچھ لوگوں کے حسن نصراللہ کی حمایت میں نعرے لگانے اور بغیر اجازت کے جلوس نکالنے کی تیاری کرنے کی اطلاع ملنے کے بعد کی گئی۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

وہیں میڈیا پورٹ میں مقامی شخص کے حوالہ سے بتایا گیا کہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے خلاف پرامن مظاہرہ کیا گیا لیکن کوئی ریلی نہیں نکالی گئی۔ حزب اللہ کی حمایت میں اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں