حیدرآباد (دکن فائلز) ریاستی حکومت نے ایک حکم نامے میں کہا ہے کہ ‘آوارہ’ لفظ راجستھان میں گائے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا کیونکہ اب راجستھان میں گائے اور دیگر مویشیوں کو ’آوارہ‘ کہنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ حکومت کے مطابق اس طرح کےالفاظ کا استعمال جانور کی ‘توہین آمیز’ اور ‘نامناسب’ ہے۔
راجستھان حکومت کے فرمان کے مطابق گائے اور دیگر مویشیوں کے لیے ‘بے بس’ یا ‘بے آسرا’ جیسے الفاظ کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے جو بازاروں میں گھوم رہی ہیں۔
ریاستی وزیر جورارام کماوت نے کہا کہ راجستھان میں گائے کو ‘آوارہ’ نہیں کہا جائے گا اور ‘نرشیت’ (بے آسرا) کی اصطلاح مویشیوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔ مویشی اور دودھ کے وزیر نے کہا کہ بی جے پی حکومت گائے اور بیلوں کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گائے کی بہبود کے لئے چیف منسٹر کی جانب سے اینیمل ہسبنڈری ڈیولپمنٹ فنڈ کو 250 کروڑ روپئے کی فراہمی کے ساتھ تشکیل دیا جائے گا۔