دہلی: دو اسکولوں کو بم دھماکہ کی دھمکی، طلبا کو واپس گھر بھیج دیا گیا، سرپرست خوفزدہ

حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی میں آج صبح دو اسکولوں کو بم دھماکے کی دھمکی ملی جس کے بعد اسکول انتظامیہ، طلبا اور سرپرست خوفزدہ ہوگئے۔ ڈی پی ایس آر کے پورم اور جی ڈی گوینکا اسکول کو پیر کی صبح دھمکی ملی، جس کے بعد پولیس کو مطلع کرکے طلبا کو گھر واپس بھیج دیا گیا۔

آج صبح طلبا بسوں کے ذریعہ اسکول پہنچ رہے تھے جبکہ بعض سرپرست اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ رہے تھے، وہیں اسکول عملہ صبح کی اسمبلی کی تیاری میں مصروف تھا اسی دوران بذریعہ ای میل اسکول کو بم دھماکہ سے اڑادینے کی دھمکی ملی۔

پولیس بھی فوری طور پر اسکول پہنچ گئی جبکہ ڈاگ اسکواڈ، بم ڈٹیکشن ٹیموں سمیت فائر بریگیڈ کے اہلکار بھی سکول پہنچ گئے اور سرچ آپریشن شروع کیا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اکتوبر میں اتوار کی صبح روہنی کے پرشانت وہار میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اسکول کے باہر دھماکہ ہوا تھا۔ دھماکے سے اسکول کی دیوار اور قریبی دکانوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

اس کے بعد، اگلے ہی دن 21 اکتوبر کو اسکولوں کو ایک ای میل موصول ہوئی جس میں دھمکی دی گئی تھی کہ منگل کی صبح 11 بجے تک تمام سی آر پی ایف اسکولوں کو بم دھماکوں سے اڑادیا جائے گا۔ بعد میں یہ دھمکی جھوٹی ثابت ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں