حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش میں ایک اور مسجد پر بلڈوزر چل گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح فتح پور کے صدر بازار میں واقع تقریباً 200 سال پرانی تاریخی نوری جامع مسجد کے خلاف روڈ وائیڈنگ کے نام پر بلڈوزر کاروائی کرکے عقبی حصہ کو منہدم کردیا گیا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ فتح پور ضلع میں ہائی وے کی وائیڈنگ کا کام جاری ہے، اس سلسلہ میں تجاوزات کو ہٹایا جارہا ہے۔ اے ڈی ایم اویناش ترپاٹھی اور اے ایس پی وجے شنکر مشرا کی موجودگی میں تجاوزات کو بلڈوزر کے ذریعہ ہٹادیا گیا۔ بلڈوزر کاروائی کے موق پر پی اے سی سمیت پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ مسجد کمیٹی کو پہلے ہی نوٹس دیا گیا تھا۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1866419940733100487
آج صبح مسجد کے عقبی حصہ کو بلڈوزر سے منہدم کردیا گیا۔ نوری جامع مسجد کمیٹی کے سکریٹری سید نوری نے کہا کہ انتظامیہ کی نوٹس کے خلاف پہلے ہی الہ آباد ہائی کورٹ میں ایک رٹ دائر کی گئی جس کی سماعت 13 دسمبر کو ہونی ہے، لیکن انتظامیہ نے عدالت میں سماعت سے پہلے ہی مسجد کو منہدم کردیا۔ انہوں نے کاروائی کو عدالتی حکم کی خلاف ورزی قرار دیا۔ علاقہ کے مسلمانوں نے بھی بلڈوزر کاروائی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ انتظامیہ کی جانب سے میڈیا کو بتایا جارہا ہے کہ مسجد کا کچھ حصہ منہدم کیا گیا جبکہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد کی عمارت کو مسمار کیا گیا۔


