حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش کے لکھنو میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جہاں نوجوان بیٹے نے اپنی ماں اور 4 بہنوں کو قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگرہ کا رہنے والا 24 سالہ ارشد نے نئے سال کا جشن منانے کے بعد لکھنؤ کی ایک ہوٹل میں اپنی ماں اور چار بہنوں کو بے دردی سے قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 24 سالہ ارشد آگرہ کا رہائشی ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران خاندانی جھگڑوں کی وجہ سے یہ حرکت کی۔ مرنے والوں کی شناخت عالیہ (9)، الشیہ (19)، اقصی (16) اور راہمین (18) اور ارشد کی ماں عاصمہ کے طور پر کئی گئی۔
ڈی سی پی تیاگی نے بتایا کہ یہ واقعہ لکھنؤ کے ناکہ علاقے میں ہوٹل شرنجیت میں پیش آیا۔ ملزم، جس کی شناخت ارشد (24) کے طور پر ہوئی ہے، نے مبینہ طور پر اپنے ہی خاندان کے پانچ افراد کو قتل کر دیا۔ اس بھیانک عمل کے بعد، مقامی پولیس نے ملزم کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا۔ شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فرانزک ٹیموں کو جائے وقوعہ پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ معاملے کی تفصیلی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پوچھ گچھ کے دوران متضاد جوابات دے رہا ہے۔ ارشد نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اس کے گھر والوں میں جھگڑا ہوا اور اس نے سب کو قتل کردیا، تاہم بعد میں والد کو قتل کا ذمہ دار بتایا۔ تاہم پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ ارشد اور اس کے والد نے نئے سال کا جشن منایا اور خوب شراب پی، اس کے بعد یہ قتل کئے گئے۔ ڈی سی پی تیاگی نے کہا کہ اس معاملہ میں تحقیقات کی جارہی ہے۔