تنہا فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی چوکی پر حملہ کرکے 2 صیہونی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا

حیدرآباد (دکن فائلز ؍ ویب ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی چوکی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 2 فوجی ہلاک جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غرب اردن میں ایک فلسطینی نوجوان نے صیہونی مظالم کے جواب میں مزاحمتی کارروائی کی جس میں کم از کم دو صیہونی فوجی ہلاک اور تقریباً 10 زخمی ہو گئے۔

جرات مندانہ کاروائی میں ایک فلسطینی نوجوانوں نے فائرنگ کر کے صیہونی فوجیوں کو نشانے بنایا جو جنگ بندی کے بعد بھی علاقہ میں ظالمانہ کاروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ کارروائی طوباس کے مشرق میں تیاسیر دیہات کے قریب انجام پائی۔ حملہ کے بعد صیہونی ہیلی کاپٹر زخمی فوجیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لئے علاقے میں پہنچے۔

فلسطینی نوجوان جس کے پاس ایم 16 رائفل اور دو میگزین تھے، رات گئے چیک پوائنٹ کے نزدیک پہنچا اور صبح 6 بجے کے قریب موقع پا کر چوکی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی موقع پر جبکہ دوسرا بعد ازاں ہلاک ہوا۔

حملہ کے بعد فلسطینی نوجوان صیہونی فوجیوں کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ فلسطینی گروپ اسلامی جہاد نے بہادرانہ حملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ ختم کرانے تک مزاحمت جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں