بڑی خبر: مہاراشٹرا کے بیڑ میں مسجد کو دھماکہ سے اڑانے کی کوشش، دو شرپسند گرفتار، جیلٹن دھماکہ میں مسجد کو شدید نقصان پہنچا (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) مہاراشٹرا میں بیڑ ضلع کی ایک مسجد میں آج علی الصبح نامعلوم شرپسند کی جانب سے دھماکہ کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ مسجد میں ایک شخص نے مبینہ طور پر جیلٹن کی چھڑیوں سے عبادت گاہ میں دھماکہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل جیورائی کے اردھا مسلا گاؤں میں آج سحری سے قبل تقریباً 3 بجے کئے گئے دھماکہ میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ شدید دھماکے کی وجہ سے مسجد کے اندرونی ڈھانچہ کو نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کے مطابق مسجد میں دھماکہ کرنے کے الزام میں دو شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت وجے راما گاوہانے اور سری رام اشوک ساگڑے کے طور پر کی گئی۔ دونوں بیڑ کے جیورائی میں رہتے ہیں۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1906241296626512028

شرانگیزی کے واقعہ کے بعد گاؤں میں زبردست کشیدگی پھیل گئی جبکہ اطراف و اکناف کے علاقوں کے مسلمانوں نے مسجد میں دھماکہ کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اور حکومت سے شرپسندوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

امن و امان کی برقراری کےلئے پولیس نے علاقہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ حکام کے مطابق ایک شرپسند آدھی رات کے بعد مسجد میں داخل ہوا اور مبینہ طور پر جیلٹن کی کچھ چھڑیوں سے دھماکہ کیا۔ دھماکہ کے بعد مقامی مسلمانوں نے واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس کے اعلیٰ حکام بھی واقعہ پر پہنچ گئے۔

پولیس عہدیدار نے بتایا کہ مسجد کے اندر دھماکہ کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا، ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔

ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ملزمین نے جیلیٹن کا استعمال کرکے مسجد کو دھماکہ سے اڑانے کی کوشش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں