حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش کے سنبھل میں پولیس نے سماج وادی پارٹی کے ایم پی ضیاء الرحمان برق اور 22 دیگر کے خلاف گزشتہ سال نومبر میں شاہی جامع مسجد کے قریب ہونے والے تشدد کے سلسلے میں چارج شیٹ داخل کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سنبھل پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ’برق پر اشتعال انگیز تقریریں کرکے بھیڑ کو اکسانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ تشدد کی تحقیقات کے لیے قائم خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے 8 اپریل کو برق سے تقریباً چار گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کوتوالی سنبھل پولیس اسٹیشن میں درج ایک ایف آئی آر کے سلسلے میں، چندوسی سیشن کورٹ میں سول جج (سینئر ڈویژن) کی خصوصی ایم پی/ایم ایل اے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 24 نومبر کو سنبھل میں تاریخی شاہی جامع مسجد میں عدالتی حکم پر سروے کے بعد فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑا تھا، اس دوران فائرنگ میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس واقعہ میں پولیس نے فائرنگ کی تردید کی تھی جبکہ مسجد کے صدر نے پولیس پر فائرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔