حیدرآباد (دکن فائلز) مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان کی اطلاع کے مطابق امریکہ سے ایک انتہائی افسوسناک خبر سامنے آرہی ہے، جس نے پوری ہندوستانی برادری، خاص طور پر تلنگانہ کے طلباء اور تارکین وطن کو گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔
کیلیفورنیا میں ایک معمولی جھگڑے کے دوران پولیس کی فائرنگ سے تلنگانہ کا ایک ہونہار طالب علم محمد نظام جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کا روم میٹ شدید زخمی ہے۔ محمد نظام کی موت پر والدین اور رشتہ داروں نے صدمہ کا اظہار کیا۔
یہ دلخراش واقعہ کیلیفورنیا کے سانتا کلارا میں پیش آیا۔ تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے محمد نظام، جو ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر رہے تھے، اپنے روم میٹ کے ساتھ کسی بات پر جھگڑ رہے تھے۔ اس دوران پولیس موقع پر پہنچی اور فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں نظام موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور ان کا روم میٹ شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
یہ خبر سن کر ہر کوئی سکتے میں ہے۔ ایک نوجوان زندگی، جو روشن مستقبل کے خواب دیکھ رہی تھی، یوں اچانک ختم ہو گئی۔ یہ واقعہ امریکہ میں مقیم ہندوستانی طلباء اور ان کے والدین کے لیے گہری تشویش کا باعث بن گیا ہے۔
امجد اللہ خان نے بتایا کہ ’میں نے ابھی محمد نظام کے والد سے بات کی اور انہیں اس المناک واقعے کی اطلاع دی۔ ان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ محبوب نگر میں ان کا خاندان صدمہ سے دوچار ہے۔ ایک بیٹے کو کھونے کا درد ناقابل بیان ہے‘۔
بھارتی سفارت خانے اور قونصل خانے سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ نظام کے جسد خاکی کو وطن واپس لانے اور خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔ پوری ہندوستانی کمیونٹی اس دکھ کی گھڑی میں نظام کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔۔۔


