حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس کے سینئر رہنما اور صدر ملکارجن کھرگے کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ڈاکٹر ان کی حالت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
88 سالہ ملکارجن کھڑگے کو بنگلور کے ایم ایس رمایا اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ انہیں گزشتہ رات سے بخار تھا اور بعد میں پیٹ میں درد کی شکایت بھی ہوئی۔ ڈاکٹروں نے مکمل چیک اپ کے لیے انہیں اسپتال میں رکھا ہے۔
ناگالینڈ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ایس سپونگمیرن جامر نے بتایا کہ کھرگے فی الحال ٹھیک ہیں۔ ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے اور وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
ملکارجن کھڑگے کانگریس کے ایک تجربہ کار اور اہم رہنما ہیں۔ وہ اکتوبر 2022 میں پارٹی کے صدر بنے، جو گاندھی خاندان سے باہر پہلے صدر تھے۔ انہوں نے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔
کھرگے کو 7 اکتوبر کو کوہیما میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرنا ہے۔ پارٹی کو امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر اپنے فرائض دوبارہ سنبھالیں گے۔


