کھمم اقلیتی رہائشی اسکول کے طالب علم کو ٹیچر نے بنایا جنسی ہراسانی کا شکار!

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے کھمم میں واقع اقلیتی رہائشی اسکول کے ایک استاد کی گھناؤنی حرکت کی وجہ سے ریاست کے تمام رہائشی اسکولوں کے طلبا اور سرپرستوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ٹی وی نائین کی رپورٹ کے مطابق کھمم ضلع کے امماپالم گاؤں میں ایک اقلیتی رہائشی اسکول کا ایک زولوجی ٹیچر نے نابالغ طالب علم کو متعدد ہفتوں سے جنسی طور پر ہراساں کررہا تھا۔ دسرہ کی چھٹیوں میں گھر آنے پر، بچے نے اسکول واپس جانے سے انکار کر دیا۔

والدین کی جانب سے وجہ پوچھنے پر اس نے روتے ہوئے اپنے استاد کی جنسی ہراسانی کے بارے میں والدین کو بتادیا۔ والدین نے فوری طور پر کونیجرلا پولیس اسٹیشن اور اسکول پرنسپل سے رابطہ کیا۔ انہوں نے ٹیچر پربھاکر کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کروائی۔

تلنگانہ ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے شکایت کی بنیاد پر ٹیچر کے خلاف POCSO ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا۔ یہ خبر اعلیٰ حکام تک پہنچی اور ٹیچر کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔

اپنی بے عزتی اور نوکری سے برطرفی کے بعد، ٹیچر پربھاکر نے کیڑے مار دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی۔ اسے فوری طور پر حیدرآباد کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔

حکومت کو چاہئے کہ بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور تعلیم حاصل کرنے کےلئے بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں