حیدرآباد (دکن فائلز) ایک دل دہلا دینے والی خبر! مولانا غیاث احمد رشادی صاحب صدر صفا بیت المال انڈیا، بانی و محرک منبرو محراب فاونڈیشن انڈیا ایک خطرناک سڑک حادثے کا شکار ہو گئے ہیں۔ حادثہ میں مولانا شدید زخمی ہوئے تاہم ڈرائیور حامد کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ المناک حادثہ آج صبح آندھرا پردیش کے باگے پلی سے تقریباً 45 کیلومیٹر دور پنی کونڈہ میں پیش آیا۔ مولانا غیاث احمد رشادی اور ان کے ڈرائیور حامد شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ چکمنگلور سے حیدرآباد آتے وقت ہوا۔ حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے انہیں قریبی سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس خبر نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علمائے کرام و مسلمانوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
ابتدائی طور پر مولانا کو اننت پور کے سرینواسا ہستپال منتقل کیا گیا تاہم علاج اور ضروری معائنوں کے بعد انہیں حیدرآباد جانے کی اجازت دی گئی جبکہ ڈرائیور حامد کا اننت پور میں ہی علاج جاری ہے۔
مولانا نے بتایا کہ انہیں شدید اندرونی چوٹیں آئی ہیں، جبکہ ڈرائیور حامد صاحب کی حالت زیادہ سنگین ہے۔ ان کے پیر میں فریکچر بھی آیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی اننت پور اور آس پاس کے علماء کرام بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ گئے۔ انہوں نے مولانا کی عیادت کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مولانا نے خود بھی تمام احباب سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
مولانا غیاث احمد رشادی کے فرزند مفتی عبدالمہیمن اظہر نے بتایا کہ مولانا کی حالت اب بہتر ہے اور ڈاکٹرز نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اس مشکل وقت میں، مسلمانوں سے سے مولانا غیاث احمد رشادی اور ان کے ڈرائیور حامد کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مولانا حیدرآباد میں گھر پہنچ گئے ہیں۔