حیدرآباد (دکن فائلز) نظام آباد میں کانسٹیبل پرمود کے بہیمانہ قتل کا ملزم ریاض انکاونٹر میں ہلاک ہوگیا۔ بدنام زمانہ ریاض کا بھیانک انجام ہو چکا ہے۔ پولیس نے اسے ایک انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نظام آباد میں کانسٹیبل پرمود کو ڈیوٹی کے دوران چاقو کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ ملزم ریاض گاڑی چوری کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا جب اس نے حملہ کیا۔
پولیس نے ریاض کو سارنگ پور کے جنگل سے زخمی حالت میں پکڑا۔ اسے علاج کے لیے نظام آباد کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ لیکن وہاں بھی اس نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ ہسپتال میں ریاض نے ایک پولیس اہلکار کی بندوق چھین لی اور دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ اپنی جان بچانے اور عوام کی حفاظت کے لیے پولیس کو فائرنگ کرنی پڑی۔ اسی فائرنگ میں ریاض ہلاک ہو گیا۔
ڈی جی پی شیوادھر ریڈی نے تصدیق کی کہ ریاض نے پولیس پر فائرنگ کرنے کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے خود دفاع میں یہ قدم اٹھایا۔ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن عوام کی حفاظت کے لیے ضروری تھا۔