تلنگانہ: انٹرمیڈیٹ طلبا کےلئے اہم خبر، سالانہ امتحانات کا آغاز اس تاریخ سے ہوگا!

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کو مارچ سے قبل منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تبدیلی سال دوم کے طلبا کو EAMCET اور IIT جیسے مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے مناسب وقت دینے کے مقصد سے کی گئی ہے۔ حکومت نے جمعرات کو انٹر بورڈ کی طرف سے بھیجی گئی تجاویز کو منظوری دے دی۔

انٹر کے امتحانات جو عموماً ہر سال مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع ہوتے تھے، اس بار فروری کے آخری ہفتے میں شروع ہوں گے۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق انٹر فرسٹ ایئر کے امتحانات 25 فروری اور سکینڈ ایئر کے امتحانات 26 فروری سے شروع ہوں گے، وہیں یہ امتحانات گزشتہ تعلیمی سال میں 5 مارچ کو شروع ہوئے تھے۔

قبل از وقت امتحانات کے بعد نتائج بھی جلد جاری کیے جائیں گے۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ اس سے اساتذہ کو اگلے تعلیمی سال میں سرکاری جونیئر کالجوں میں داخلہ کے عمل پر توجہ مرکوز کرنے میں بھی وقت ملے گا۔

عہدیداروں نے پریکٹیکل امتحانات سے متعلق بھی منصوبہ تیار کرلیا ہے، جو کہ تھیوری امتحانات سے پہلے جنوری کے آخری ہفتہ میں شروع ہوں گے اور فروری کے پہلے ہفتہ تک ریاست بھر میں تین مرحلوں میں مکمل کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں