’میرا مذہب مجھے بدلہ لینے کی اجازت نہیں دیتا۔۔۔‘ اعظم خان کا بڑا بیان

حیدرآباد (دکن فائلز) بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی رگھویندر سنگھ کے اشتعال انگیز بیان پر اعظم خان نے کہا کہ ’ایسی باتوں پر خاموشی سمجھ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کہاوت ہے کہ جاہل کا جواب دینے سے بہتر خاموشی ہے۔ اگر ہم کسی اشتعال انگیز بیان پر ردعمل دیتے ہیں تو پھر اس کے منصوبہ کامیاب ہوجائیں گے۔

اعظم خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے بڑے پن کا ثبوت دیا ہے۔ جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ اگر 2027 میں اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو کیا یوگی ادتیہ ناتھ کے خلاف کاروائی کی جائے گی، انہوں نے انتہائی پرسکون انداز میں جواب دیا کہ ’میرا مذہب مجھے اس بات کی اجازت نہیں دیتا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر ہم بھی وہی کریں جو ہمارے ساتھ ہوا، تو ہم میں اور ان میں کیا فرق رہ جائے گا‘۔

واضح رہے کہ یوگی حکومت کی جانب سے اعظم خان کے خلاف کئی مقدمات درج کئے گئے جبکہ انہوں نے ایک عرصہ تک جیل میں زندگی گذاری ہے، ان سب کے باوجود اعظم خان نے بدلہ لینے کے جذبہ سے انکار کردیا۔

انہوں نے ایک نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم حکومت کے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے، لیکن آج بھی ہمارے دامن پر ’بے ایمانی‘ کا کوئی داغ نہیں ہے، مجھ پر 114 مقدمات کے باوجود کوئی ایک مقدمہ بھی کرپشن یا کمیشن خوری کا نہیں ہے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں