بڑی خبر: دارالحکومت دہلی میں خوفناک دھماکہ: لال قلعہ کے قریب کار میں میں دھماکہ، 8 افراد ہلاک، ملک بھر میں سیکوریٹی الرٹ

حیدرآباد (دکن فائلز) دارالحکومت دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے قریب آج شام ایک خوفناک دھماکہ ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ میں 8 افراد ہلاک اور کم از کم 24 زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ شام تقریباً 6 بج کر 52 منٹ پر لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک کار میں ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور سڑک پر انسانی اعضا بکھر گئے۔

دہلی پولیس کے مطابق دھماکہ ایک گاڑی میں اس وقت ہوا جب وہ لال قلعہ کے ٹریفک سگنل پر رکی ہوئی تھی۔ پولیس کمشنر ستیش گولچا نے بتایا کہ کار میں سوار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ قریب کھڑی نو گاڑیاں شدید طور پر متاثر ہوئیں۔ متاثرہ کار ہنڈائی آئی 20 بتائی جارہی ہے جو محمد سلمان ولد محمد شاہدنامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور اس کا رجسٹریشن نمبر ہریانہ کا ہے۔

دھماکے کے فوراً بعد موقع پر پولیس، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کی درجنوں گاڑیاں پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ کے ڈپٹی چیف اے کے ملک کے مطابق سات یونٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 7 بجکر 29 منٹ تک آگ پر قابو پالیا۔ زخمیوں کو لوک نائک جے پرکاش اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

دہماکے کے بعد علاقے میں بھاری سیکورٹی تعینات کردی گئی ہے جبکہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور نیشنل سیکیورٹی گارڈ نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ملک کی کئی ریاستوں بشمول ممبئی، کولکتہ، جے پور، ہریانہ، پنجاب، حیدرآباد، اتر پردیش، اتراکھنڈ اور بہار میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ کیرالا پولیس کو بھی ریاست بھر میں حفاظتی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد پورا علاقہ پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں سے بھر گیا، جبکہ قریبی اسپتالوں کے باہر زخمیوں کے اہل خانہ بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں