حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں میدک کے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ نے سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں کے ذریعہ دہلی بم دھماکہ کو بی جے پی سے منسوب کرتے ہوئے پھیلائی جارہی غلط معلومات کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے بنیاد الزامات لگانے کو غداری قرار دے دیا۔
رگھونندن نے سنگاریڈی میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150 ویں یوم پیدائش کی یاد میں منعقد کی گئی ‘سردار-ایکتا پدایاترا’ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “ان کے ہاتھ میں ایک فون ہے، وہ اپنی مرضی کے مطابق پوسٹس کر رہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ جب الیکشن ہوں گے، دھماکے ہوں گے۔ اس کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہے۔”
انہوں نے سوال کیا کہ بم دھماکوں اور بی جے پی کا کیا تعلق ہے؟ انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح کے تبصرے کرنے والوں کی صوابدید پر چھوڑ دیں گے اور عوام سے کہا کہ وہ ایسے لوگوں کی حمایت نہ کریں۔ رگھونندن راؤ نے الزام لگایا کہ ایک گروپ نے دہلی میں بم دھماکہ کی سازش رچی اور اب وہ اس کا الزام بی جے پی پر لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے قومی سلامتی سے متعلق حساس معاملہ پر سیاست نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرنے کے بجائے سیاسی جماعت کو بدنام کرنا اشتعال انگیز ہے۔



