حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں ایک حیران کن واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ریاست کی ہائی کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ ہیک کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صارفین جب معمول کے مطابق عدالتی احکامات کی کاپیاں ڈاؤن لوڈ کر رہے تھے تو اچانک ویب سائٹ میں خلل پڑ گیا۔ اسی دوران اصل ہائی کورٹ ویب سائٹ کی جگہ ایک بیٹنگ سائٹ نظر آنے لگی، جس نے عدالتی حکام کو چونکا دیا۔ واقعہ دیکھتے ہی متعلقہ افسران نے فوراً پولیس کو مطلع کیا۔
ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے باضابطہ شکایت درج کروائی، جس کے بعد سائبر کرائم پولیس نے مقدمہ قائم کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام اس بات کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں کہ ویب سائٹ میں کس طرح دراندازی ہوئی اور آیا کوئی حساس معلومات متاثر ہوئی ہیں یا نہیں۔ یہ واقعہ سرکاری ویب پلیٹ فارمز کی سائبر سیکیورٹی پر سنجیدہ سوالات کھڑا کرتا ہے۔



