مدینہ کے قریب المناک حادثہ؛ تین نسلوں پر مشتمل ایک ہی خاندان کے 18 معتمرین جاں بحق

حیدرآباد (دکن فائلز) مدینہ منورہ کے قریب پیش آنے والا ہولناک سڑک حادثہ نہ صرف حیدرآبادی بلکہ پوری ہندوستانی عوامی کے دلوں کو دہلا گیا۔ عمرہ کی سعادت حاصل کر کے وطن واپسی کی تیاری کرنے والے 45 حیدرآبادی عازمین میں سے 18 افراد ایک ہی خاندان سے تھے، جن میں 9 معصوم بچے بھی شامل تھے۔ یہ سب ایک ہی گھرانے کے چراغ تھے جو ایک ہی لمحے میں بجھ گئے۔

مرحومین کے رشتہ دار محمد آصف کے مطابق ان کے سسرالی افراد نصیرالدین (70)، ان کی اہلیہ اختر بیگم (62)، بیٹا صلاح الدین (42)، بیٹیاں آمنہ (44)، رضوانہ (38)، شبانہ (40) اور ان کے بچے گزشتہ ہفتے عمرہ کے سفر پر روانہ ہوئے تھے۔ انہوں نے روتے ہوئے بتایا’’ہم مسلسل رابطے میں تھے… رات تقریباً ڈیڑھ بجے انہیں حادثہ پیش آیا، بس آگ کی لپیٹ میں آگئی، سب کچھ ختم ہوگیا،‘‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق بس مدینہ سے تقریباً 30 کلومیٹر دور ایک ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ رات گئے اس وقت ہوا جب زیادہ تر مسافر سو رہے تھے اور آگ بھڑکنے کی وجہ سے وہ باہر نہ نکل سکے۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے—جبکہ جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے نے 24/7 کنٹرول روم اور ہیلپ لائن قائم کر دی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں